0

منشیات کے عادی افراد پر توجہ نہ دینے سے تعداد بڑھتی جاری ہے،میرسرفرا زبگٹی

کوئٹہ(یو این اے )وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہر میں منشیات کے عادی افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے جرائم میں ملوث ہونے کو انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے ان کی دوبارہ بحالی کا پروگرام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری کو منشیات کے عادی افراد کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دیا۔ انہوں نے اجلاس میں اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اگر وہ غلط صحبتوں کی وجہ سے، یا پھر دیگر مسائل کی وجہ سے اس لت میں پڑ گئے ہیں یا اس جانب مائل ہوئے ہیں تو ہم نے انکی بحالی کے لئے کیا کیا؟ بدقسمتی سے کسی حکومت نے ان کو وہ توجہ نہیں دی جس کا تقاضا حالات یا یہ منشیات کی دلدل میں پھنسے لوگ یا ان کے خاندان والے کر رہے تھے جس کی وجہ سے منشیات کے عادی افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی گئی اور آج یہ ناسور کی شکل میں شہر کے گلی کوچوں شاہراہوں پر ایک بڑی تعداد میں دیکھنے کو ملتے ہیں ان کو دیکھ کر جب کوئی خبر یا ویڈیوز بجھواتا ہے تو میرا دل خون کے انسو روتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے مجھے اپنے لوگوں کی خدمت کا موقع دیا ہے میں اپنی بساط سے بڑھ کر اس مسئلے پر توجہ دوں گا کیونکہ یہ انسانیت کا سوال ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حکم دیا کہ ریہبلیٹیش پروگرام فار ڈرگ ایڈکٹ فوری شروع کیا جائے، اس کے تحت تمام نشے کی عادی افراد کی دوبارہ بحالی کے پلان پر عمل درآمد کرائیں گے، جس میں پہلے ہم کوئٹہ کے تمام نشے کے عادی افراد کا علاج مفت کریں گے اور اس سلسلے میں ایک جامع پلان بنا رہے ہیں، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، نارکوٹیکس ڈپارٹمنٹ کو ذمہ داریاں دی جائیں گی کہ وہ ایسے افراد کو پکڑنے کے بعد دوبارہ بحالی سینٹر منتقل کریں۔ وزیراعلی نے حکم دیا کہ دیکھا جائے کہ کیا ہم منشیات کے عادی افراد کی دوبارہ بحالی کے ساتھ ہم بڑی عمر کے عادی افراد کے چھوٹے بچوں کی کفالت کے لیے کوئی انڈومنٹ فنڈ بنا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں بھی ان کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اب دیواروں پر منشیات سے متعلق اصلاحی باتیں لکھنے سے آگے بڑھ کر کام کرنا ہو گا۔ سماجی بہبود کے محکمے کو اب زیادہ فعال ہونا ہوگا اور سنجیدگی کے ساتھ روایتی کاہلی کو سائیڈ پے رکھ کر ہنگامی بنیادوں پر منشیات کے عادی افراد کو ریاست کا با وقار شہری بنانے کے سلسلے میں شبانہ روز محنت کرنا ہوگی۔ جب ہر ڈیپارٹمنٹ اپنے کام احسن طریقے سے سر انجام دے گا اور ہر شخص اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کرے گا تبھی ہم ایک خوبصورت معاشرے کے قیام کی جانب عازم سفر ہوں گے اور قائد اعظم کے حقیقی فلاحی ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں گے۔ سول سوسائٹی اور سنجیدہ حلقوں نے وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کے اس جذبے کو سراہا ہے۔اور منشیات اور اس سے جڑی سماجی برائیوں کی بیخ کنی کے وزیر اعلی کے عزم کے شانہ بشانہ رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں