نامعلوم مسلح افراد نے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
بلوچستان کے ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور شہدا کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہادت کا بلند رتبہ پانے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا نے اپنے خون سے امن کی آبیاری کی ہے، لازوال قربانیوں کا قرض کبھی نہیں اتار سکتے۔
واضح رہے کہ 9 نومبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے صحافیوں کو ای میل کیے گئے ایک بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے کالعدم بی ایل اے کے اس دعوے کو بھی رپورٹ کیا کہ خودکش حملے میں پاکستانی فوج کے ایک دستے کو نشانہ بنایا گیا ہے جو انفینٹری اسکول سے کورس مکمل کرنے کے بعد واپسی کی تیاری کر رہا تھا۔