0

پاکستان کا اسرائیلی جنگی جرائم پر اظہار مذمت، اسپتال پر حملہ غیر انسانی فعل قرار

اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ میں اسپتال پر وحشیانہ اسرائیلی فضائی حملے اور اس میں خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ مذمت کیا ہے۔

صدر مملکت نے اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں معصوم جانوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایک ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی اور اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔

انہوں نے اسرائیل کی طرف سے سنگین جنگی جرائم کے ارتکاب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل شہری آبادیوں اور صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری اسے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری اور غزہ کے جاری محاصرے کو فوری طور پر روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

ادھر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملے میں سینکڑوں شہری شہید ہوگئے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ناقابل جواز عمل ہے، یہ عالمی اور انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی بات چیت میں میں نے ان پر زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے، عالمی برادری تشدد کو روکنے کے لیے تیزی سے کام کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قبضے کے حامیوں کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے، جنہوں نے غزہ کے لوگوں کے خلاف اسرائیلی دہشت گردی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں