0

آگ بجھانے والا نیا ’فلائنگ ڈریگن‘ روبوٹ

اوساکا: جاپانی محققین نے ایک اڑنے والا فائر فائٹنگ ہوز بنایا ہے جو آگ بجھانے کے لیے اپنے ہی پانی کا پریشر استعمال کرتے ہوئے اڑ کر مختلف سمتوں کا تعین کر سکتا ہے۔

جاپان کی اوساکا یونیورسٹی اور اکیتا پرفیکچوئل یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی جانب سے بنائے گئے اس فلائنگ ڈریگن سسٹم میں دو چار منہ والے پروپلژن یونٹس دو سِروں پر نصب ہیں۔

یہ دونوں سسٹم آبی کواڈ کاپٹر کی طرح کام کرتے ہیں جس میں ہر نوزل میں لگے والو اور سویولز (ایسی اٹکل جس سے نوزل ہر جانب گھوم سکتا ہے) پانی کے بہاؤ اور تھرسٹ کی سمت کو کنٹرول کرتے ہیں جو اس کو عام ڈرون کی طرح اٹھنے، توازن قائم کرنے اور سمت کا تعین کرنے کے قابل بناتا ہے۔

فی سیکنڈ 6.6 لیٹر کی شرح سے پانی کا بہاؤ 1 میگا پاسکل تک پریشر دیتا ہے جو اس ہوز کے زمین سے دو میٹر تک اٹھنے کے لیے کافی ہے۔

سائنس دانوں کی جانب سے بنایا گیا یہ نمونہ 4 میٹر طویل ہے اور ایک چھوٹے سے کنٹرول اسٹیشن ٹرالی سے جڑا ہوا ہے جہاں ایک آپریٹر کھڑے ہوکر ڈرون چلاتا ہے۔

آپریٹر اس ڈریگن کے سر پر نصب ریگولر اور تھرمل ویژن رکھنے والے کیمرے کو استعمال کرتے ہوئے معاملات کا جائزہ لیتے ہیں اور وہاں پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بناتے ہیں جہاں زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں