0

ایک بار چارج سے 1000 کلو میٹر سے زیادہ چلنے والی بیٹری

شینگھائی: چین کی ایک برقی کار ساز کمپنی نے ایک ایسی بیٹری کی آزمائش کی ہے جو ایک بار چارج کیے جانے پر 1000 کلو میٹر سے زیادہ فاصلے تک گاڑی کو توانائی فراہم کر سکتی ہے۔

شینگھائی کی مقامی کمپنی نیو (Nio) کے چیف ایگزیکٹیو ولیم لی نے 14 گھنٹے کی لائیو اسٹریم کے دوران کمپنی کی برقی گاڑی ای ٹی 7 وہیکل 1044 کلو میٹر تک چلا کر بیٹری کی آزمائش کی۔ یعنی گاڑی کو ژیجیئنگ صوبے سے فیوجیئن صوبے تک 84 کلو میٹر فی گھنٹے کی اوسط رفتار سے چلایا گیا۔

ایک علیحدہ آزمائش (جس کو نشر نہیں کیا گیا) میں دیکھا گیا کہ اس بیٹری نے 1145 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

ولیم لی نے چینی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ویئبو پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ یہ بیٹری فی الحال دنیا میں سب سے زیادہ توانائی کی کثافت رکھنے والی بیٹری ہے اور اس کی سیفٹی پرفارمنس بہترین ہے۔ مزید یہ کہ فروخت کے لیے موجود تمام گاڑیوں کو نیو بیٹری سویپ سسٹم کے ذریعے 150 کلو واٹ آور پر اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے۔

نیو چارجنگ گاڑیوں کے لیے ایک غیر روایتی سوچ کو بروئے کارلائی ہے  جس کے لیے کمپنی نے کار کو آؤٹ لیٹ میں گاڑی کو چارج ہونے کے لیے لگانے کے بجائے بیٹری سویپ سسٹم کا استعمال کیا ہے۔

یہ ایک ایسا نظام ہے جو گاڑیوں میں نصب ہوتا ہے اور خالی بیٹری کو مکمل چارج بیٹری سے تین منٹ سے کم وقت میں بدل سکتا ہے۔

صارفین بغیر بیٹری کی گاڑی خرید کر ماہانہ سبسکرپشن فیس کی ادائیگی کرتے ہوئے نیو کے نیٹورک میں بیٹریوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔

نیو کی جانب سے نومبر میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی اپنے 2000 سے زائد پاور سویپ اسٹیشنز کے نیٹورک کے ذریعے صارفین کو 3 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بیٹری سویپ فراہم کر چکے ہیں۔

نیو کے مطابق کمپنی اپریل 2024 سے اس بیٹری کی وسیع پیمانے پر پیداوار شروع کرنے جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں