0

دن میں 14 گھنٹے کا فاقہ مزاج میں بہتری لاسکتا ہے

لندن: ایک نئی تحقیق کے مطابق دن میں 14 گھنٹے کا فاقہ ہم میں بھوک کے احساس میں کمی، توانائی سے بھرپور اور اچھے مزاج میں رہنے میں مدد دے سکتا ہے۔

کنگز کالج لندن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ کھانے کے دورانیے کو 10 گھنٹے تک محدود کرنے (یعنی صبح 9 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان کھانے) کے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

وقتی فاقوں کے کچھ حامی کھانے کا یہ دورانیہ چھ گھنٹوں (مثال کے طور پر صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک) تک محدود رکھتے ہیں۔ لیکن تازہ ترین تحقیق میں معلوم ہوا کہ کم محدود دورانیہ بھی مزاج، توانائی اور بھوک پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

تحقیق میں محققین نے زیڈ او ای ایپ کا استعمال کیا جس میں شرکاء اپنی صحت کے متعلق روز مرہ کی تفصیلات درج کرتے ہیں۔

ایپ پر 37 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس دوران ان سے ایک ہفتے تک معمول کے مطابق کھانے کے لیے کہا گیا اور اس کے بعد 14 دنوں تک 10 گھنٹے کے دورانیے میں کھانے کے لیے کہا گیا۔

ساتھ ساتھ محققین کی جانب سے ان افراد کو اپنے مزاج، توانائی اور بھوک کے متعلق تفصیلات درج کرنے کے لیے بھی کہا گیا۔

تجزیے سے معلوم ہوا کہ جو افراد دن کے 14 گھنٹے فاقہ کرتے تھے انہوں نے بہتر توانائی اور مزاج جبکہ بھوک میں کمی کے متعلق بتایا۔

کنگز کالج لندن سے تعلق رکھنے والی محقق ڈاکٹرسارہ بیری کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق سخت نگرانی کے ماحول سے ہٹ کر کی جانے والی سب سے بڑی تحقیق ہے جو بتاتی ہے کہ وقتی فاقہ آپ کی صحت کو حقیقی دنیا کے اعتبار سے بہتر کر سکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں