0

سردیوں میں کھجوریں کیوں کھانی چاہئیں؟ 5 حیرت انگیز فوائد

ماہرین کے مطابق کھجور میں شفا بخش قوتیں پائی جاتی ہیں اور دنیا بھر میں کم از کم 30 قسم کی کھجوریں ہوتی ہیں جن میں گلوکوز، سوکروز اور فریکٹوز پائے جاتے ہیں۔

آئیے کھجوروں کے فوائد پر نظر ڈالتے ہیں:

1) ہڈیوں کی صحت کیلئے فائدہ مند

ہڈیوں میں درد کیلشیم اور وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے ہوتا ہے اور کھجوروں میں ناصرف کیلشیم بلکہ وٹامن ڈی سمیت فائبرز، منرلز اور کئی قسم کے وٹامنز قدرتی طور پر موجود ہوتے ہیں جو جسم کی ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ان میں درد نہیں ہونے دیتے۔

کھجوروں کو سپر فوڈ کہا جاتا ہے کیونکہ یہ وہ چیز ہے جس میں ذائقے کے ساتھ کئی فوائد چھپے ہیں جو انسانی صحت کے لیے ضروری ہیں، ہر کسی کو کھجوریں خصوصی طور پر سردیوں میں اپنی خوراک میں شامل کرنی چاہئیں کیونکہ ان کی تاثیر گرم ہوتی ہے۔

نومبر آدھا گزر چکا ہے اور ملک کے مختلف شہروں اور یہاں تک کہ کراچی میں بھی سردی کا آغاز ہوگیا ہے، اگر ہم اپنی غذا میں موسم کی مناسبت سے اشیا شامل کریں گے تو ناصرف وہ ہمارے جسم میں بھرپور توانائی فراہم کریں گی بلکہ مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رکھیں گی۔

کھجوروں میں قدرتی مٹھاس کے ساتھ ضروری وٹامنز، معدنیات، فائبر، کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس اور میگنیشیم  ہوتا ہے، اس کے علاوہ ان میں حل ہونے اور نہ حل ہونے والے فائبرز ہوتے ہیں جو نظام ہاضمے کو ٹھیک رکھتے ہیں۔

سردیوں میں اکثر بڑی عمر کے افراد جوڑوں میں درد کی شکایت کرتے ہیں، تو ان کے لیے کھجوریں بہترین غذا ہیں۔

2) جسم کو گرمائش پہنچاتی ہیں

کھجوریں سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے ضروری حرارت فراہم کرتی ہیں۔ کھجور کو کئی پکوانوں اور مشروبات میں قدرتی میٹھے کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، یعنی اگر آپ کوئی میٹھا بناتے ہیں تو اس میں چینی کی جگہ کھجوریں شامل کرلیں، یا  مِلک چیک یا اسموتھی میں چینی کی جگہ کھجوریں شامل کی جاسکتی ہیں۔

3) جلد کو خوبصورت بنائے

جیسے ہم زندہ رہنے کے لیے غذا کھاتے ہیں اور گاڑیوں کی غذا پیٹرول یا ڈیزل ہوتا ہے ویسے ہی ہماری جلد کی بھی کچھ ضروریات ہیں اور سردیوں میں ہی سب سے زیادہ جلد کا خیال رکھا جاتا ہے کیونکہ خشکی کی وجہ سے جلد خراب ہوجاتی ہے۔

کھجوریں قدرتی طور پر جلد کو توانائی فراہم کرتی ہیں، سردیوں میں جلد اپنا قدرتی تیل کھو دیتی ہے، کھجوروں کا استعمال جلد بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے ساتھ کھجور جلد کو جوان بنانے اور فری ریڈیکلز کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتی ہے۔

4) معدے کے مسائل کو حل کرتی ہے

سردیوں میں جسم کا میٹابولزم سست پڑجاتا ہے، اس لیے یہ پھل ہاضمے کے مسائل کو دور رکھنے میں مدد کرتا ہے، کھجور ہاضمے کو آسان بناتی ہے اور کھانا آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ یہ بڑی آنت کے کینسر کے خطرے کو کم کرتی ہے۔

5) آئرن سے بھرپور

کھجور آئرن سے مالا مال ہوتی ہے جو ہیموگلوبن کی سطح کو بڑھانے میں مدد کر سکتی ہے۔

آج کل خواتین میں آئرن کی کمی عام ہے اور یہ کمی صحت کے متعدد مسائل جیسے توانائی کی کمی، ہارمونل مسائل، کم قوت مدافعت، بالوں کا گرنا، جلد کا پیلا پڑجانا، حمل کے دوران اسقاط حمل کا خطرہ پیدا کر سکتی ہے۔

آئرن سے بھرپور کھجور ہیموگلوبن کی سطح کو برقرار رکھتی ہے اور خون کے سرخ خلیوں (ریڈ بلڈ سیلز) کی پیداوار کو بڑھاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ حاملہ خواتین کے لیے کھجوریں کھانے کی تجویز پیش کی جاتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں