0

اسد قیصر، تیمور ,شیر علی ارباب سمیت متعدد پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات منظور

سلام آباد: الیکشن ٹربیونلز نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور تیمور جھگڑا سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے۔

ہائی کورٹس کے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں۔ اپیلوں کے فیصلوں میں 4 روز باقی ہیں۔ 10 جنوری تک تمام فیصلے سنادیے جائیں گے۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے حلقہ پی پی 23 چکوال سے فوزیہ بہرام کے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کردیے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

پشاور میں الیکشن ٹربیونلز نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیلیں منظور کرلیں۔

الیکشن ٹربیونل نے این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور کرلی۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل سربراہ جسٹس مرزا وقاص رؤف نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، میجر طاہر صادق، ان کی اہلیہ ناز صادق ، پی پی 15 سے سابق وزیر قانون راجہ بشارت،  کرنل اجمل صابر، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضی، سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ راشد حفیظ کے کاغذات منظور کرکے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

ادھر سندھ میں الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 243 سے پی ٹی آئی کے سبحان ساحل، حلقہ این اے 242 سے امجد آفریدی، پی ایس 113 کے حسنین چوہان، ہالہ سے مخدوم فضل کی اپیلیں منطور کرلیں۔

ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے امیدوار رؤف احمد اور آزاد امیدوار حلقہ پی ایس 126 سے رفیعہ حسن، آزاد امیدوار جمال الدین اور دیدار علی، این اے 237 سے فضا ذیشان کی ریٹرننگ افسران کے فیصلے کیخلاف اپیلیں منظور کرلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں