فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت کرنے پر اسرائیلی اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اداکارہ مائیسہ عبدل ہادی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کی حمایت کی تھی۔
مائیسہ عبدل ہادی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد اسرائیلی پولیس نے اُنہیں گرفتار کرلیا ہے، اسرائیلی پولیس نے مائیسہ کا نام لیے بغیر اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے ایک اداکارہ کو گرفتار کرلیا ہے جنہوں نے حماس کی حمایت کی۔
اسرائیلی پولیس کے بیان میں حماس کے حملے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کے لیے اشتعال انگیزی اور حمایت کے خلاف پولیس کی لڑائی ہمہ وقت جاری رہتی ہے۔
دوسری جانب مائیسہ کے ساتھی اداکار نے سوشل میڈیا پر اداکارہ کی وہ انسٹاگرام اسٹوری پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے حماس کی حمایت کی تھی۔
اسرائیلی اداکار نے مائیسہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “میں آپ سے شرمندہ ہوں، آپ کو اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے، آپ ہمارے ٹی وی شوز اور فلموں میں اداکاری کرتی ہیں اور پھر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپتی ہیں”۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 700 سے زائد ہوگئی جس کے باعث غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5800 کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔