0

اُشنا شاہ نے یہودیوں کی منافقت اور جہالت بے نقاب کردی

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ بھی اسرائیل کے ہاتھوں مظالم کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کے حق میں آواز اُٹھانے کے لیے میدان میں آگئیں۔

حماس کے اسرائیل پر حملوں کے بعد سے اسرائیل نے فلسطینی عوام پر ظلم کو انتہا کردی ہے، غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید  فلسطینیوں کی تعداد 1100 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی حمایت کرنے والے امریکہ اور بھارت سمیت دیگر ممالک سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پوسٹس کررہے ہیں جن کے ذریعے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ حماس بےدردی سے اسرائیلی خواتین اور بچوں کا قتل کررہا ہے۔

ایسے میں پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے جعلی خبروں پر امریکی یہودیوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے اُنہیں جاہل قرار دے دیا ہے۔

اُشنا شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘امریکی یہودی اور میری جان پہچان کے وہ لوگ جو لاس اینجلس میں ہیں، اُن کی جہالت ظاہر ہورہی ہے’۔

اداکارہ نے امریکی یہودیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘آپ کا میڈیا، آپ کو تعصب کا شکار کررہا ہے لہٰذا آپ کے لیے ضروری ہے کہ اپنی آنکھیں کھولیں اور سچ دیکھیں’۔

اُنہوں نے کہا کہ ‘آپ جان بوجھ کر حقیقت سے لاعلم ہورہے ہیں، آپ کے نزدیک  یہودیوں کی زندگی عربوں سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے’۔

اُشنا شاہ نے جعلی خبروں کے حوالے سے کہا کہ ‘آپ لوگ اسرائیل کو مظلوم دِکھا کر سوشل میڈیا پر جو خبریں پوسٹس کررہے ہیں وہ غلط معلومات پر مبنی ہیں’۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘آپ میں سے بہت سے فنکار بھی غلط کا ساتھ دے رہے ہیں، اس صہیونی ذہنیت سے نکلیں’۔

اُنہوں نے اپنے پیغام میں “آزاد فلسطین” اور “آزاد غزہ” ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں