0

بھنڈی کے وہ فوائد جو اسے ’سپر سبزی‘ بناتے ہیں

کراچی: ماہرین نے کہا ہے کہ بھنڈی ایک ایسا سپر فوڈ ہے جسے ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،غذائی ماہرین اسے علاج بالغذا بھی قرار دیتے ہیں۔

بھنڈی اول تو کیلوریز میں بہت کم ہوتی ہے، دوسری جانب اس میں فائبر کی بھرپور مقدار پورے جسم پر غیر معمولی اثر ڈالتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھنڈی آنکھوں سے لے کر آنتوں تک کی حفاظت کرتی ہے۔

خون میں شکر معمول پر رکھے

ذیابیطس کے مریض بھنڈی ضرور کھائیں کیونکہ اس میں فائبر کی اچھی مقدار ہوتی ہے۔ پھر کاربوہائیڈریٹس کے انجذاب کو سست کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے کھانے سے خون میں شکر کی مقدار بلند نہیں ہوتی۔ جو افراد ذیابیطس کے کنارے پہنچ چکے ہیں وہ اسے اپنی رکابی میں ضرور شامل کریں۔

وزن کم کرنے میں مددگار

بھنڈی کم حراروں اور زائد فائبرکی وجہ سے بھوک کم کرتی ہے اور یوں وزن کم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھانے میں بھنڈی ضرور شامل کیجیے۔

آنتوں اور نظامِ ہاضمہ کی حفاظت

بھنڈی میں پائے جانے والے ریشے کسی ٹانک سے کم نہیں اور اسے کھانے سے معدے کے حرکات (باوِل موومنٹ) بہترہوتی ہے اور قبض کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ آنتوں کی مجموعی صحت بھی برقراررہتی ہے۔ بھنڈی نظامِ ہاضمہ کو درست کرتے ہوئے جگر کو فعال رکھتی ہے اور یوں کوئی بھی غذا کھائی جائے وہ اچھی طرح بدن کا حصہ بن جاتی ہے۔

بھنڈی دل کی دوست

پیکٹن نامی عنصر ایک مفید کیمیائی شے ہے جو بھنڈی میں پایا جاتا ہے۔ اس کی مناسب مقدار خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتی ہے۔ اس طرح خون کی روانی جاری رہتی ہے، بلڈ پریشر نہیں بڑھتا اور یوں دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

آنکھوں کے لیے مفید

بھنڈی میں وٹامن اے، لیوٹین اور زیکزینتھین کی موجودگی اسے آنکھوں کے لیے انتہائی مفید بناتی ہے۔ اسی لیے بھنڈی کھانے سے بڑھاپے میں نظرکی کمزوری کم کی جاسکتی ہے۔ ان میں نگاہ کی عام کمزوری سے لے کر ایج ریلیٹڈ میکولرڈی جنریشن بھی شامل ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں