کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ’کوانٹم ایپوکلیپس‘ سے نمٹنے کے لیے اپنی اب تک کی سب سے اہم اپ ڈیٹ جاری کرنے جارہی ہے۔
آئی فون کی مالک کمپنی کے مطابق نئی آئی میسج اپ ڈیٹ کوانٹم کمپیوٹنگ کے آنے کے بعد پیغامات کو محفوظ رکھے گی۔
اس وقت میسجنگ پلیٹ فارم اپنے پیغامات کو محفوظ کرنے کے لیے کلاسیکل کرپٹو گرافی استعمال کرتے ہیں جو اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ تحریر صرف پیغام بھیجنے اور موصول کرنے والا پڑھ سکتا ہے۔ یہ طریقہ کار ریاضی کے مشکل پرابلم پر مبنی ہونے کی وجہ سے کارگر ہوتا ہے جن کو عام کمپیوٹر کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔
تاہم، کمپیوٹر سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ آئندہ دہائیوں میں کوانٹم کمپیوٹرز وجود میں آسکتے ہیں، جن میں یہ صلاحیت ہوسکتی ہے کہ وہ ان حل نہ ہوسکنے والی ریاضی کے مسائل کو حل کر سکیں۔ ایسا ہونے کے سبب یہ پیغامات خفیہ نہیں رہ سکیں گے اور ان کو پڑھا جا سکے گا۔
ماہرین نے اس وقوعے کو ’کوانٹم ایپوکلپس‘ کے نام سے منسوب کیا ہے۔جہاں کوانٹم کمپیوٹرز کو صحت کے شعبے سے لے کر مصنوعی ذہانت میں استعمال کے لیے بنایا جارہا ہے وہیں محققین اس سے پیش آنے والے خطرات کو روکنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں انکرپشن کی خلاف ورزی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کوانٹم کمپیوٹنگ حساب و کتاب کرنے کی ایک نئی سوچ ہے جس میں فزکس کے بنیادی نظریوں کو استعمال کرتے ہوئے انتہائی پیچیدہ مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔