کوپن ہیگن: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پتوں والی سبزیاں صحت مند پھیپھڑوں اور دمے کے مرض کے خلاف مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
یونیورسٹی آف کوپنہیگن میں کی گئی تحقیق کے مطابق وہ افراد جن کے خون میں کم مقدار میں وٹامن کے ہوتا ہے ان کے پھیپھڑے کمزور ہونے کے امکانات زیادہ ہونے کے ساتھ ان کے دمے، سانس کے رکنے اور دائمی مسائل اور سانس باہر نکلتے وقت آواز کے آنے کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
وٹامن کے عموماً پالک اور بروکلی جیسی پتوں والی سبزیوں، سبزیوں کے تیل اور اجناس میں پایا جاتا ہے۔یہ خون کے جمنے اہم کردار ادا کرتا ہے اور اس ہی وجہ سے جسم کو زخم بھرنے میں مدد ملتی ہے لیکن محققین کو اس کے پھیپھڑوں کی صحت کے متعلق کردار کے متعلق بہت قلیل معلومات تھیں۔
محققین کی ایک ٹیم نے پھیپھڑوں کی کارکردگی کی ٹیسٹنگ میں حصہ لینے والے 4000 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ ان افراد نے خون کے نمونے جمع کرائے اور اپنی صحت اور طرزِ زندگی کے متعلق سوالناموں کے جواب دیے۔
جائزے میں محققین کو معلوم ہوا کہ جن افراد کے خون میں وٹامن کی مقدار کم تھی ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی خراب تھی اور ان کے سانس کے دائمی مسائل میں مبتلا ہونے کے دُگنے امکانات تھے جبکہ دمے کے مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات 44 فی صد اور سانس لیتے وقت آوازوں کے مسئلے میں مبتلا ہونے کے امکانات 81 فی صد تھے۔